اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، عراق کے سکیورٹی میڈیا سیل نے اعلان کیا ہے کہ عراقی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے کرکوک میں دہشت گرد تنظیم داعش کے ایک ٹھکانے کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ٹھکانہ مکمل طور پر تباہ اور وہاں موجود تمام دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
عراقی سکیورٹی میڈیا سیل نے سرکاری خبررساں ایجنسی کے حوالے سے جاری بیان میں کہا کہ دہشت گرد گروہوں کے باقی ماندہ عناصر کا تعاقب کرنے کے لیے جاری انٹیلی جنس کارروائیوں کے دوران فوجی انٹیلی جنس ادارے سے موصول ہونے والی مصدقہ معلومات کی بنیاد پر وادی زغیتون کے علاقے میں داعش کے ایک ٹھکانے پر دہشت گردوں کی موجودگی کا سراغ لگایا گیا۔
بیان کے مطابق، عراقی مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف کے دفتر میں قائم ہدف بندی سیل کی براہِ راست نگرانی اور رابطے میں عراقی فضائیہ کے ایف-16 جنگی طیاروں نے مذکورہ ٹھکانے پر دو کامیاب اور براہِ راست فضائی حملے کیے۔
عراقی سکیورٹی میڈیا سیل کے مطابق، حملوں کے نتیجے میں داعش کا ٹھکانا مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور وہاں موجود تمام دہشت گرد مارے گئے۔
عراقی حکام نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ مسلح افواج کے تمام انٹیلی جنس اور جنگی یونٹ دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور خفیہ پناہ گاہوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے اور عراق کی سرزمین پر دہشت گردوں کو کہیں بھی محفوظ پناہ گاہ فراہم نہیں ہونے دی جائے گی۔
آپ کا تبصرہ